وفاقی وزیر اسد عمر نے کورونا وائرس کے سنگین نتائج سے خبردار کر دیا

Published On 20 October,2020 05:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد نہ کرنے کے سنگین نتائج سے خبردار کر دیا ہے۔

انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں کہا کہ گزشتہ ہفتے کورونا سے یومیہ جاں بحق افراد کی تعداد بارہ تھی جو پچھلے کئی ہفتوں کے مقابلے میں ایک سو چالیس فیصد زائد ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ ہم تمام احتیاطی تدابیر کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے اجتماعی غلطی کے مرتکب ہو رہے ہیں اور اس کے نتائج نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ روش نہ بدلی گئی تو ہم زندگیاں اور روزگار کے ذرائع سے محروم ہو جائیں گے۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 14 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 673 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 625 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 3 لاکھ 24 ہزار 84 تک پہنچ چکی ہے۔

پاکستان میں کورونا کے 9 ہزار 461 مریض زیرعلاج ہیں اور 3 لاکھ 7 ہزار 950 صحتیاب ہوگئے ہیں۔کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار 298 اور سندھ میں 2 ہزار 581 اموات ہو چکی ہیں۔

خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 265، اسلام آباد میں 195، بلوچستان میں 148، ?گلگت بلتستان میں 90 اور آزاد کشمیر میں 82 ہو گئی ہے۔اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 18 ہزار 69 ہو گئی ہے۔

پنجاب ایک لاکھ ایک ہزار 760، سندھ میں ایک لاکھ 42 ہزار 134، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 708، بلوچستان میں 15 ہزار 704، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 84 اور آزاد کشمیر میں 3 ہزار 507 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان کے 735 ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے سہولیات ہیں اور ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کیلئے وینٹی لیٹرز کی تعداد ایک ہزار 920 ہے۔
 

Advertisement