ٹائیگر فورس کی نشاندہی پر انتظامیہ کا ایکشن، آٹا، چینی کی ذخیرہ اندوزی پکڑی گئی

Published On 22 October,2020 12:07 pm

سیالکوٹ: (دنیا نیوز) مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف ٹائیگر فورس کا ایکشن شروع، نشاندہی پر انتظامیہ نے سیالکوٹ میں آٹا، چینی اور چاول کی ذخیرہ اندوزی پکڑلی۔

ٹائیگر فورس کی نشاندہی پر انتظامیہ نے مختلف شہروں میں چھاپے مار کر بڑی مقدار میں سٹاک قبضے میں لے کر سٹورز سیل کر دئیے۔ ٹائیگر فورس کی اطلاع پر لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی کاروائیاں کی گئیں۔

ضلعی انتظامیہ نے ہنجروال میں واقع گودام پر چھاپہ مار کر چینی کے 50 کلو گرام کے 800 سے زائد تھیلے برآمد کر لیے۔ ملوث افراد پر بھاری جرمانے کئے گئے جبکہ 4 ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی گئی۔

ٹائیگر فورس نے شہروں کے مختلف سٹورز اور دکانوں پر فرضی خریداری کی جبکہ خفیہ سروے میں اشیائے ضروریہ کی زائد قیمت میں فروخت بھی پکڑی گئی۔ انتظامیہ کی جانب سے اوورچارجنگ پر بھاری جرمانے جبکہ متعدد دکانیں سیل کی گئیں۔ ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کاروائی کی رپورٹ براہ راست وزیراعظم کو دی جائیگی۔