کورونا سے شرح اموات بڑھ رہی ہیں، عوام احتیاط کریں: وزیراعلیٰ پنجاب کی اپیل

Published On 22 October,2020 06:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ایس او پیز کو نظر انداز کرنے سے کورونا کے مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وبا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ہم سب کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے موثر اور بروقت اقدامات سے کورونا کا پھیلاؤ کم رہا تاہم اب عوام کی جانب سے احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرنے سے شرح اموات اور ایکٹو مریضوں کی تعداد بھی روز بروز بڑھ رہی ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اکتوبر کے مہینے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ تعلیمی اداروں، بزنس ہاؤسز، شاپنگ مالز اور عوامی مقامات پر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے۔ بے احتیاطی سے مرض میں مزید اضافے کا خدشہ رد نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے شہریوں سے انسداد کورونا ایس او پیز پر من وعن عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کورونا کے ایکٹو کیسوں کی تعداد 2424 ہو گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 171 نئے کیس سامنے آئے جبکہ 5 مریض جاں بحق ہوئے۔

انہوں نے اعدادوشمار بتاتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اب تک 2324 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔ چوبیس گھنٹے میں کورونا کی تشخیص کیلئے 9639 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک 1493502 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
 

Advertisement