لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے بھی جیل میں سہولیات مانگ لیں۔ احتساب عدالت نے حمزہ شہباز شریف کو جیل میں گھر کا کھانا اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے حمزہ شہباز کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں، ان کو جیل میں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، قانون کے مطابق سہولیات نا دینا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ جیل میں گھر کا کھانا سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں۔ عدالت نے حمزہ شہباز کو جیل میں گھر کا کھانا اور قانون کے مطابق دیگر سہولیات دینے کا حکم دے دیا۔
خیال رہے حمزہ شہباز منی لانڈرنگ کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔ اس سے قبل عدالت نے شہباز شریف کو بھی گھر کا کھانا سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے حکم دیا تھا۔