کراچی: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کیلئے کراچی شپ یارڈ میں تیار کئے جانے والے ملجم کلاس کارویٹ جہاز کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا۔ ترکی کے وزیر برائے قومی دفاع تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق جہاز سطح آب، زیر آب اور فضا میں مار کرنے والے ہتھیاروں اور اسٹیٹ آف دی آرٹ سینسرز سے لیس ہے۔ جہاز کی تعمیر 2024 میں مکمل ہو جائے گی۔ جہاز کی پاکستان کے بحری بیڑے میں شمولیت سے خطے میں امن وامان اور استحکام کو فروغ حاصل ہوگا۔
ترک وزیر برائے قومی دفاع نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہترین کوالٹی، کم لاگت اور انتہائی کم مدت میں اس جہاز کی تعمیر اہم کامیابی ہوگی۔ یہ منصوبہ پاکستان اور ترکی کے برادرانہ اور دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔