لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ مکس اچار پارٹی کی سرکس عوام کو محظوظ کرنے میں مصروف ہے، بلوچستان کی آزادی کی بات کوئی محب وطن پاکستانی سیاستدان نہیں کر سکتا، صاف ظاہر ہو رہا ہے پی ڈی ایم کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف نے جن لاپتہ افراد سے اظہار ہمدردی کیا، ان میں اپنا نام بھی شامل کر لیں تو مناسب ہوگا، گزشتہ دس ماہ سے سابق وزیراعظم پاکستان اپنے خاندان، کرپشن کے کھربوں ڈالرز اور 100 سوٹ کیسوں سمیت لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کہا 200 روپے کلو انڈے کے بعد بلاول زرداری نے عمران خان پر بلوچستان کے جزائر پر قبضہ کرنے کا مضحکہ خیز بیان داغا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا مکس اچار پارٹی واقعی ایک سرکس ہے، پی ڈی ایم کے ہر نئے جلسے میں حواس باختہ قائدین کے ہوشربا انکشافات سے پاکستانی عوام محظوظ ہو رہے ہیں، پی ڈی ایم کے قائدین کے ملک دوستی کے ڈرامے کا ڈراپ سین نزدیک آ رہا ہے۔