(ویب ڈیسک) کورونا کے بڑھتے خطرات پر حکومت پنجاب نے نئی پلاننگ شروع کردی، وزیرقانون راجہ بشارت کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کااہم اجلاس ہوا جس میں50سال سے زائد عمر کے ملازمین کے لیے گھر سے کام کرنے کی اجازت دینے کی منظوری دیدی گئی ہے.
اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ بچوں کے ساتھ آنے والی خواتین کو بھی گھر سے کام کرنے کی اجازت ہو گی، کابینہ کمیٹی نے باقاعدہ اس کی منظوری دے دی ہے جبکہ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کو جلد از جلد سرکلر جاری کرنے کا کہا گیا ہے ۔
وزیرقانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ حکومتی ادارے بار بار عوام سے کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے کا کہہ رہے ہیں لیکن زیادہ تر عوام نے ایس او پیز کو نظر انداز کیا۔
وزیرقانون نے وارننگ دی کہ اگر عوام کا یہی رویہ رہا تو حکومت کو مجبورا ًسخت اقدامات کرنا ہوں گے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں وزیر قانون کوکورونا اقداما ت بارے بریفنگ بھی دی گئی، تفصیلات کے مطابق پنجاب میں 774جگہوں پرسمارٹ لاک ڈاؤن چل رہا ہے جبکہ شادی ہالز، تعلیمی اداروں اور مارکیٹوں کیلئے بھی ایس اوپیز بنائے گئے ہیں۔