پنجاب کے ہسپتالوں میں داخل ہونیوالے کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے: این سی او سی

Published On 23 October,2020 11:58 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) این سی او سی نے کہا ہے کہ مظفرآباد، حیدرآباد، کراچی، گلگت میں نئے کورونا کیسز کا تناسب زیادہ ہے، پنجاب کے ہسپتالوں میں داخل ہونے والے کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ ہسپتالوں میں زیر علاج تشویشناک مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یکم ستمبر کو پنجاب میں اموات کا تناسب 1.6، آج 6 فیصد ہے، پنجاب میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 0.92 سے بڑھ کر 1.33 ہوگئی۔ این سی او سی نے کہا پاکستان میں کورونا وباء کے باعث اموات کا تناسب 2.06 فیصد ہے، عالمی سطح پر کورونا سے اموات کا تناسب 2.72 فیصد ہے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے مزید 13 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 715 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 26 ہزار 216 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 736 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ دو ہزار 253، سندھ میں ایک لاکھ 42 ہزار 917، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 886، بلوچستان میں 15 ہزار 767، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 127، اسلام آباد میں 18 ہزار 578 جبکہ آزاد کشمیر میں 3 ہزار 688 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 42 لاکھ 4 ہزار 320 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 27 ہزار 50 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 9 ہزار 646 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 586 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 10 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 715 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 329، سندھ میں 2 ہزار 591، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 267، اسلام آباد میں 205، بلوچستان میں 148، گلگت بلتستان میں 90 اور آزاد کشمیر میں 85 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement