ملتان: (دنیا نیوز) فضل الرحمان نے کہا ہے کہ بیساکھیوں پر کھڑی حکومت سے جلد چھٹکارا ملے گا، حکومت مخالف تحریک کامیابی سے آگے بڑھے گی، پی ڈی ایم کا ہر جلسہ دوسرے جلسے کا ریکارڈ توڑے گا۔
ملتان میں فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عوام موجودہ حکومت سے بیزار ہو چکے، اصولوں پر کمپرومائز نہیں کریں گے، دہشت گردی کے باوجود جلسے کرتے رہیں گے، تحفظ دینا ریاست کا کام ہے، ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں، سیاست میں اداروں کی مداخلت قبول نہیں۔ انہوں نے کہا پشاور مدرسے میں دھماکہ قابل مذمت ہے، دینی مدرسوں کے بچوں کے قتل عام پر ریاست توجہ نہیں دے رہی۔
فضل الرحمان کا کہنا تھا کشمیر کے ایشو پر پاکستان کی خاموشی سمجھ سے بالا تر ہے، سی پیک کے مستقبل کو تباہ کر دیا گیا، ہمارے با اعتماد دوست چائنہ کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا فرانس میں توہین آمیز خاکوں کے ردعمل میں پوری مسلم دنیا میں اضطراب ہے، مغربی دنیا شدت پسند ہے، مغرب مسلمانوں کے ساتھ نفرت کا اظہار کر رہا ہے، امت مسلمہ فرانس کے ساتھ تمام معاہدات ختم کر دے، مسلم دنیا فرانس کا معاشی بائیکاٹ کرے۔