لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے 3 بلین ڈالر جاری ہوئے، یہی پیسہ پی ڈی ایم کے جلسوں پر لگایا جا رہا ہے، ابھی نندن کو چائے کی پیالی پلا کر تھپکی دے کر بھیجا تھا، مکس اچار پارٹی دسمبر نہیں دیکھے گی۔
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آل شریف میں پھوٹ پڑچکی ہے، مریم صفدر مسلم لیگ (ن) کو اپنے نام سے رجسٹر کرانا چاہتی ہیں، بیگم صفدر اعوان نے وکلا سے مشاورت شروع کر دی ہے، شہباز شریف خاندان کا جاتی امرا آنا جانا بند ہوچکا، مریم نواز اپنا اور مکس اچار پارٹی کا بیڑا غرق کریں گی۔ انہوں نے کہا فضل الرحمان نے مریم نواز اور نواز شریف کو پیغام بھجوایا ہے، انہوں نے کہا آپ کے بیانیے کا بوجھ زیادہ دیر نہیں اٹھا سکتے، فضل الرحمان نے واضح کر دیا ان کا بیانیہ قابل قبول نہیں۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا ایاز صادق سمیت مکس اچار پارٹی بھارتی بیانیے پرچل رہی ہے، مکس اچار پارٹی دسمبر کا مہینہ نہیں دیکھے گی۔ انہوں نے کہا بھارتی میڈیا انتہائی گھٹیا پن کا مظاہرہ کرتا ہے، طے ہوا تھا بھارتی ٹی وی پر شو کے درمیان میرا مائیک بند نہیں ہوگا، میجر گورو آریا نے کہا آپ دیکھیں گے ہم پاکستان میں کیا افراتفری پیدا کرتے ہیں، میں نے جواب میں کہا بھارتی سٹیبلشمنٹ اور میڈیا کو شرم آنی چاہیئے۔