کراچی: (دنیا نیوز) دنیا بھر کی طرح پاکستان کو بھی کورونا وائرس کی دوسری لہر کا سامنا ہے، شہریوں کی غیر ذمہ داری کے سبب کیسز بڑھنا شروع ہوگئے۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو احتیاط کا مشورہ دیتے ہوئے کہ سرد موسم میں وائرس زیادہ خطرناک ہو سکتا ہے۔
کراچی سمیت ملک بھر میں شہریوں کی غیر ذمہ داری کے سبب جان لیوا وبا کورونا کے کیسز پھر سے بڑھنا شروع ہوگئے۔ ماسک پہنا جا رہا ہے اور نا ہی سماجی فاصلے کا خیال رکھا جا رہا ہے۔ لاک ڈاون ختم ہوتے ہی شہری ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے نظر نہیں آ رہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کیا گیا تو کورونا کی یہ لہر پہلے سے زیادہ خطرناک ہو سکتی ہے۔ ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ تجارتی، سماجی اور تعلیمی سرگرمیاں شروع ہونے کے بعد ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ کورونا ایس او پیز پر عمل کریں ورنہ دوبارہ مئی اور جون والی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے مزید 30 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 923 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 40 ہزار 251 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 376 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 5 ہزار 856، سندھ میں ایک لاکھ 48 ہزار 343، خیبر پختونخوا میں 40 ہزار 148، بلوچستان میں 16 ہزار 33، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 332، اسلام آباد میں 20 ہزار 967 جبکہ آزاد کشمیر میں 4 ہزار 572 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 46 لاکھ 9 ہزار 513 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 35 ہزار 745 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 17 ہزار 86 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 830 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 30 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 923 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 390، سندھ میں 2 ہزار 664، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 287، اسلام آباد میں 231، بلوچستان میں 152، گلگت بلتستان میں 92 اور آزاد کشمیر میں 107 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔