اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند کرنے کا تاحال کوئی پلان نہیں ہے۔
ڈینٹسٹری سکول کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذکورہ سکول میں جدید اور معیاری سہولیات موجود ہیں۔ میں نے اپنی پوری زندگی میں اس طرح کا پاکستان میں جدید ہسپتال کبھی نہیں دیکھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کورونا وائرس کے روزانہ کے اعدادوشمار کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لے رہے ہیں۔ ہمیں موجودہ صورتحال میں زیادہ احتیاط کرنا ہوگی۔ اگر احتیاط نہ کی گئی تو ہم اپنے آپ کو مشکل میں ڈال لیں گے۔ ہسپتالوں میں وبا کے دوران میڈیکل سرگرمیاں بند نہیں کی جائیں گی۔ وبا کے دوران بھی لوگ بیمار ہوتے رہتے ہیں، ہمیں ان کو بھی دیکھنا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز دنیا نیوز کے پروگرام “دنیا کامران خان کے ساتھ” گفتگو میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا حالات زیادہ تشویشناک نہیں لیکن احتیاطی تدابیر کی ضرورت ہے تاکہ یہ تشویشناک نہ ہو جائے۔ کورونا دوبارہ سر اٹھا رہا ہے۔ مائیکرو لاک ڈاﺅن کی پالیسی کو جاری رکھا جائے گا، جہاں سمارٹ لاک ڈاﺅن کی ضرورت ہوگی تو کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سکولوں، کالجوں میں اساتذہ، بچوں اور ملازمین کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ عام آبادی سے تعلیمی اداروں کے حالات بہتر ہیں۔ تعلیمی اداروں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ابھی صورتحال ایسی نہیں کہ تعلیمی ادارے بند کیے جائیں۔ تعلیمی اداروں کے حوالے سے صوبوں کا جائزہ لینے کیلئے بین الصوبائی میٹنگ بلائی ہے۔ حتمی فیصلہ تو وزارت صحت نے کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک اس مقام تک نہیں پہنچے کہ سخت سزائیں یا جرمانے کیے جائیں۔ اگر مزید خلاف ورزی رہی، ماسک نہ پہنا گیا تو سخت سزائیں اور جرمانے بھی کیے جا سکتے ہیں۔