اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت کے پاکستان کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ اور بے معنی ریمارکس کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف کے پاکستان مخالف ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ہرزہ سرائی پاکستان کی حقائق کے بارے میں ان کی مکمل ناقص سمجھ بوجھ کے ساتھ ساتھ ان کے سیاسی طرز عمل کی عکاسی ہے۔ ان کے پاکستان مخالف ریمارکس آر ایس ایس، بی جے پی کے توسیع پسندانہ اور اکھنڈ بھارت نظریات پر مبنی ذہنیت کے عکاس ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ افسوسناک حقیقت ہے کہ اس ذہنیت نے ہندوستان کے ریاستی اداروں بشمول مسلح افواج کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف کی پاکستان مخالف ہرزہ سرائی بھارت کی داخلی اور خارجی غلط پالیسیوں اور اقدامات سے توجہ ہٹا نہیں سکتی۔
ترجمان نے کہا کہ ’ہندوتوا‘ کی پالیسیوں کے نتیجے میں بھارت میں مذہبی مقامات کی باقاعدگی سے بے حرمتی کی جاتی ہے۔ ریاست کی ملی بھگت کے ساتھ اقلیتوں اور پسماندہ طبقات پر ظلم و ستم روز بروز بڑھتا جارہا ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے طور پر نافذ کیا جاتا ہے۔
ترجمان نے جنرل راوت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پاکستان مخالف بیان بازی سے کیریئر بنانے کے بجائے اپنے پیشہ ورانہ امور پر توجہ دیں۔