اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر محمد نورالحق قادری نے کہا ہے کہ ہم اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ناموس رسالت کا تحفظ کریں گے۔ فرانس نے توہین رسالت کی سازش کی اجازت دے کر امن عالم کو تباہ کرنے کا راستہ ہموار کیا ہے۔
ان خیلات کا اظہار انہوں نے ملاگوری میں قومی میلاد النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ اس سے تمام مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی۔ اسلامی ممالک میں دو عظیم قائدین ترک صدر طیب اردگان اور وزیراعظم عمران خان نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف سب سے پہلے بھرپور آواز اٹھائی اور تمام مسلم ممالک کو گستاخانہ خاکوں پر خطوط بھی بھجوائے جو کہ فخر کا مقام ہے اور آئندہ بھی کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں اور ان کی تعلیمات پر عمل ہونا دنیا اور آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے۔ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف اسمبلی کے فلور پر پارلیمنٹ نے یک زبان ہو کر بھرپور آواز اٹھائی اور فرانس حکومت کی اس گھٹیا حرکت کی بھرپور مذمت کی ہے۔ تمام ممالک میں اس کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔