ہمیں اپوزیشن سے نہیں، مہنگائی اور گورننس کے ایشوز سے خطرہ ہے: چودھری سرور

Published On 08 November,2020 10:08 pm

حویلی لکھا: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ ہمیں اپوزیشن اور پی ڈی ایم سے کوئی خطرہ نہیں، اگر ہمیں خطرہ ہے تو مہنگائی اور گورننس کے ایشوز سے ہے۔ ریاستی ادارے ہمارے لئے قابل احترام ہیں اپوزیشن کو بھی احترام کرنا چاہیے۔

حویلی لکھا میں میڈیا سے گفتگو میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ امریکہ کے لوگوں نے انتہائی دانشمندانہ فیصلہ کیا، پوری دنیا تذبذب کا شکار تھی۔ امریکہ ایک بڑی جمہوریت ہے۔ یقین ہے جوبائیڈن کی سربراہی میں تمام ایشوز کی طرف توجہ دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے جوبائیڈن دنیا کی تمام اقوام کو ساتھ لے کر چلیں گے اور کشمیر کی آواز واشنگٹن میں بھی سنی جائے گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ادارے ملک کے لئے اہم ہیں جو ملک تباہ ہوا ہے، سب سے پہلے اس کے سیکورٹی ادارے تباہ کیے گئے ہیں۔ قومی اداروں کو سیاست سے باہر رکھا جائے۔ ہم اپوزیشن کے جمہوری حق سے انکار نہیں کرتے، وہ جلسے جلوس اور احتجاج کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا بیانیہ ناکام ہو چکا ہے۔ حکومت پانچ سال پورے کرے گی۔ انڈسٹری بہتری کی طرف جا رہی ہے۔ میگا کرپشن کا خاتمہ کر دیا ہے۔ یہ بات درست ہے کہ عوام مہنگائی سے ڈسٹرب ہے۔ عمران خان اب مہنگائی اور عوام کے ایشوز پر توجہ دے رہے ہیں۔ حکومت یا ہم اپوزیشن کے باعث ڈسٹرب نہیں ہیں۔ اپوزیشن کے نظریات مختلف ہے۔ ان کا یہی خیال ہے کہ عمران خان کو گھر بھیج دیں، مگر ہم اپنی مدت پوری کریں گے۔