اسلام آباد: (دنیا نیوز) شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تقریروں اور بیانات سے لگتا ہے وہ اپنی شکست کو دھاندلی کا نام دینگے، پٹرول کی قیمت کم ہونے جا رہی ہے، ملک کا مستقبل عمران خان سے جڑا ہوا ہے۔
وزیر اطلاعات و سینیٹر شبلی فراز نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا گلگت بلتستان الیکشن میں تمام جماعتوں نے انتخابی مہم میں حصہ لیا، گلگت بلتستان کے عوام نے تحریک انصاف کو پذیرائی دی، گلگت بلتستان کے عوام علاقے کے مسائل کا حل چاہتے ہیں، سابق حکومتوں نے گزشتہ 10 سال میں مسائل کے حل کیلئے کچھ نہیں کیا۔
شبلی فراز کا کہنا تھا میڈیا گلگت بلتستان الیکشن کی بھرپور کوریج کرے اور صورتحال پر نگاہ رکھے، پی ٹی آئی نے ہمیشہ شفاف اور آزاد انتخابات کیلئے جدوجہد کی، پی ٹی آئی نے ن لیگ حکومت کو انتخابی اصلاحات پر مجبور کیا، مسلم لیگ ن قیادت کی سوچ میں تضاد ہے، پسند کے نتائج حاصل کرنا ان کی سیاست کا بنیادی ستون رہا ہے۔
وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا معاشی اعشاریے بتا رہے ہیں روزگار اور اکانومی میں اضافہ ہو رہا ہے، کورونا بحران نہ ہوتا تو پاکستان کی معیشت دگنی ہو جاتی۔