ایم کیو ایم پاکستان نے مصطفیٰ کمال کے الزامات کو مسترد کر دیا

Published On 16 November,2020 09:02 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ترجمان ایم کیو ایم نے مصطفیٰ کمال کی جانب سے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی پر لگائے گئے الزمات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان کی سیاست کا چراغ گُل ہونے سے قبل بھڑک رہا ہے۔

کراچی بہادر آباد مرکز میں موجودہ صورتحال پر ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مصطفیٰ کمال کی پریس کانفرنس اور دیگر معاملات پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان کی جانب سے بیان جاری کیا گیا کہ مصطفیٰ کمال کی پریس کانفرنس جھوٹ کا پلندہ تھی۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی جدوجہد مصنوعی سیاستدانوں کو گراں گزرتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں بھی مصطفیٰ کمال ایم کیو ایم اور پتنگ کو دفن کرنے کا دعویٰ کرتے تھے لیکن انتخابات میں شہری سندھ کی عوام نے مصنوعی جماعت کے نشان کو ہی دفن کر دیا۔