کراچی کے مسائل کے حل میں وفاق اور سندھ سنجیدہ نہیں: وسیم اختر رو پڑے

Published On 24 August,2020 02:49 pm

کراچی: (دنیا نیوز) میئر کراچی وسیم اختر جذباتی ہوکر رو پڑے۔ انہوں نے کہا کراچی کے مسائل پر اعلیٰ حکام کو 77 خطوط لکھے، لیکن کوئی جواب نہیں آیا، خط پھینک دیئے، ایک ہی بار کراچی والوں کو زہر دے دو۔

میئر کراچی وسیم اختر نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا صدر پاکستان کو 3، وزیراعظم کو 7، گورنر سندھ کو 10 اور وزیراعلیٰ سندھ کو 20 خطوط لکھے، کراچی کے مسائل کے حل میں وفاقی اور سندھ حکومت سنجیدہ نہیں۔ انہوں نے کہا 77 ملین روپے کی لاگت سے کے ایم سی ہسپتالوں کیلئے ادویات خریدی، وسائل کی کمی شہر کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے۔

وسیم اختر کا کہنا تھا بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دفتر میں جدید کیمرے لگائے گئے، کے ایم سی بلڈنگ کی تزئین و آرائش کی گئی، چاہتا ہوں شہریوں کو پتا لگے ہم نے کیا کام کیے۔