کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلی ہاؤس کراچی میں سندھ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں مدارس کی رجسٹریشن، سٹریٹ کرائم، سیف سٹی پراجیکٹ سمیت دیگر پر اہم فیصلے کئے گئے۔
18 ماہ بعد وزیراعلی مرادعلی شاہ کی زیرصدارت سندھ ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا، کور کمانڈرکراچی، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، کمشنر کراچی سمیت دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعلی سندھ نے سیف سٹی اتھارٹی کی قانون سازی مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ جس میں دس ہزار کیمروں کی تنصیب، اسلحہ کی رجسٹریشن و دیگر شامل ہیں۔
لوگوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے اجلاس میں شہر کے داخلی، خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آئی جی نے بریفنگ میں بتایا کہ سندھ، بلوچستان اور سندھ، پنجاب بارڈزز پر 16 پولیس سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
سندھ کے 8 ہزار 195 مدارس کو تعلیمی اداروں کے طور پر محکمہ تعلیم سے رجسٹرڈ کرانے کا فیصلہ بھی ہوا۔ سٹریٹ کرائم پر جاری قانون سازی سے متعلق سیکریٹری قانون نے بریفنگ دی، بتایا کہ نئے قانون کی تیاری کیلئے ہائیکورٹ سے مشاورت جاری ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا صرف قانون بنانا کافی نہیں، عملدرآمد ضروری ہے۔
اجلاس میں ہائیکورٹ سے سٹریٹ کرائم کیلئے الگ جج کی تقرری کی درخواست کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایپکس کمیٹی اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ میں سی پیک کے 12 پراجیکٹس جاری ہیں، 25 سو چائینیز کی سیکیورٹی پر 4500 اہلکار مامور ہیں۔ اجلاس میں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ بارشوں کے بعد شہر کی سڑکوں کا سروے کیا جائے گا جوسڑکیں خراب ہوئی اُن کی مرمت کی جائے گی۔