'کراچی پیکج کو خوش آمدید کہا، امید ہے یہ صرف اعلان نہیں بلکہ اس پر عمل بھی ہوگا'

Published On 08 September,2020 02:26 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ کراچی پیکج کو خوش آمدید کہا، امید ہے یہ صرف اعلان نہیں بلکہ اس پر عمل بھی ہوگا، اس پر شکوک و شبہات نہیں کرنا چاہتے، کراچی سے ہر کوئی لینا چاہتا دینا نہیں چاہتا۔

ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا پیپلز پارٹی نے سندھ کو 2 حصوں میں تقسیم کر دیا، کراچی کو حق دلوانے کیلئے سڑکوں پر آنا پڑا تو آئیں گے، جو لوگ صوبے کی تقسیم کو غداری کہتے ہیں وہ سب سے بڑے غدار ہیں، ہم نے کراچی کی ضروریات کی نشاندہی کی تھی، کراچی کیلئے کئی اعلانات ہوئے، عمل نہیں ہوسکا، عوام کو امید ہے لیکن دعا ہے کراچی پیکج پر یقین بھی آ جائے۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کراچی کی ترقی اور خوشحالی براہ راست پاکستان سے وابستہ ہے، ہم عوام کیساتھ گلیوں، محلوں میں رہتے اور ان کے دلوں میں بستے ہیں، کراچی کے لوگ مایوسی کا شکار ہیں، امید ہے کراچی پیکج پر عمل درآمد بھی ہوگا، کراچی سے متعلق اس بار وفاق سے زیادہ امیدیں ہیں، اتحادی جماعت کی منتخب بلدیاتی حکومت کو نظرانداز کیا گیا۔