دو دہائیوں بعد کراچی سرکلر ریلوے ٹریک پر آگئی، شیخ رشید نے افتتاح کر دیا

Published On 19 November,2020 11:45 am

کراچی: (دنیا نیوز) دو دہائیوں بعد کراچی سرکلر ریلوے ٹریک پر آگئی۔ شیخ رشید نے ابتدائی طور پر سٹی سٹیشن اور پپری کے درمیان کے سی آر کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے یک طرفہ کرایہ 50 کے بجائے 30 روپے کرنے کا اعلان بھی کیا۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کے سی آر میں انسٹال ہونیوالی تمام چیزیں کراچی پہنچا دی گئیں، کے سی آر کی 40 کوچز بنا رہے ہیں جس میں سے 15 آج چلائی جا رہی ہیں، 750 روپے میں کے سی آر کا مہینے بھر کا پاس بنوا سکتے ہیں، ایک سال میں کے سی آر کو مکمل طور پر ماڈرن کر دیں گے، پاکستانی تاریخ میں کے سی آر کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا سپریم کورٹ کے حکم پر صدق دل سے عملدرآمد کر رہے ہیں، عدالت نے سب کو چابی دی تو کام چلا۔ انہوں نے کہا کراچی میں بڑا قبضہ مافیا ہے، ریلوے کی زمین پر لوگوں نے قبضے کیے ہوئے ہیں، سندھ حکومت کوشش کرے گی تجاوزات ختم کرائے، ٹرین چلتی رہے تو زندہ رہتی ہے، رک جائے تو لوگ چیزیں چوری کرلیتے ہیں، لوگوں نے ٹرینوں میں صابن اور تولیے نہیں چھوڑے وہ بھی چوری کرلیے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے مزید کہا گلگت میں زبردست انتخابات ہوئے، اپوزیشن آزاد کشمیر کے انتخابات کی فکر کرے، اپوزیشن گلگت بلتستان کے الیکشن نہیں مان سکتی تو کوئی الیکشن نہیں مان سکتی، پوری دنیا میں جہاں جمہوریت ہے وہاں ہارنے والا مان ہی نہیں رہا، ووٹ کی عزت کو شدید قسم کا خطرہ ہے، انہی لوگوں سے خطرہ ہے جو شکست تسلیم نہیں کر رہے۔ ان کا کہنا تھا وزیراعظم سینیٹ الیکشن میں شو آف ہینڈز سے انتخابات کرانا چاہتے ہیں، جو جو فوج کیخلاف بیانیہ دے رہا ہے وہ عمران خان کی خدمت کر رہا ہے۔
 

Advertisement