کراچی میں ویمن بائیک ریلی کا انعقاد

Published On 21 November,2020 09:17 pm

کراچی (دنیا نیوز) کراچی میں ویمن بائیک ریلی کا انعقاد ہوا جس میں 30سے زائد رائیڈرز نے شرکت کی، ریلی کا مقصد گھر میں بیٹھی خواتین میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔

بائیک چلانا مشکل کام ہے اور وہ بھی کراچی میں تو اور بھی مشکل مشن بن جاتا ہے، پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی اور رش سے چھٹکارے کے لئے ویمن بائیک ریلی کا انعقاد ہوا۔

بلاول ہاوس سے سی ویو نشان پاکستان تک ہونے والی ریلی میں تیس سے زائد رائیڈرز ایکشن میں نظر آئیں۔ ریلی میں کسی کے پاس ستر سی سی بائیک تو کسی نے ون ٹو فائیو چلائی۔

ریلی میں شریک خواتین کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورت کی کمی کے باعث انہیں بہتر سفری سہولیات میسر نہیں۔ بائیک چلا کر انہیں ہمت اورحوصلہ ملا اور وہ دیگر خواتین کو بھی پیغام دیتی ہیں کہ بائیک چلانا مشکل کام نہیں۔

ریلی شرکاء نے خواتین پر زور دیا کہ ’لوگ کیا کہیں گے‘ کی سوچ سے باہر نکل کر بائیک چلانے کی ہمت کریں کیوں کہ بائیک چلانا کوئی بری بات نہیں نہ کوئی شرم کی بات ہے۔

ریلی کے اختتام پر شرکا میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔