وزیراعلی عثمان بزدار نے صوبے میں انصاف میڈیسن کارڈ کا اجرا کر دیا

Published On 22 November,2020 10:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت دکھی انسانیت کی خدمت میں ایک اور قدم آگے، وزیراعلی عثمان بزدار نے صوبے میں انصاف میڈیسن کارڈ کا اجرا کر دیا۔

اس سلسلے میں وزیراعلی آفس میں پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہیپاٹائٹس، ایڈز اور ٹی بی کے مریضوں میں انصاف میڈیسن کارڈ تقسیم کئے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار انصاف میڈیسن کارڈ کے ذریعے ہیپاٹائٹس، ایڈز اور ٹی بی کے مریضوں کو مفت ادویات کا آغاز کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں ایڈز کے 9862 اور ہیپاٹائٹس 23560 اور ٹی بی کے 70047 مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔ متعلقہ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال یا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں اصل شناختی کارڈ کے ساتھ بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تشخیصی عمل مکمل ہونے پر مریض کو رجسٹر کرکے انصاف میڈیسن کارڈ جاری کر دیا جائیگا۔ مریض کسی بھی متعلقہ سینٹر سے مفت ادویات لے سکے گا۔

سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے مدینہ کی ریاست بنانے کا جو عزم کیا ہے، ہم تیزی سے اس کی جانب گامزن ہیں۔ پنجاب احساس پروگرام، صحت انصاف کارڈ اور اب انصاف میڈیسن کارڈ کا اجرا اس امر کا واضح ثبوت ہے۔

اس موقع پر وزیراعلی عثمان بزدار نے ہسپتالوں میں ہیپاٹائٹس، ایڈز اور ٹی بی کے مریضوں کے لئے علیحدہ ڈیسک بنانے کی بھی ہدایت کی۔ خیال رہے کہ پنجاب کے 36 اضلاع میں مجموعی طور پر 174882 مریضوں میں انصاف میڈیسن کارڈ تقسیم کئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے مجھے اور میری ٹیم کو بیمار اور دکھی انسانیت کی خدمت کی سعادت عطا کی۔ وہ دن دور نہیں جب پنجاب کے ہر شہری کو حکومتی سطح پر مفت علاج کی سہولت میسر ہو گی۔ یہ ہمارا عزم ہے اور ہم اس وعدے کو پورا کر کے دم لیں گے۔
 

Advertisement