وزیراعظم کی کورونا وائرس کا پھیلائو روکنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کی ہدایت

Published On 23 November,2020 10:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے کورونا کے پہلے مرحلے میں قابلِ تقلید حکمت عملی اور بروقت فیصلوں سے وبا پر قابو پایا جس کی دنیا معترف ہے، اب بھی اس وبا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں کورونا کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا مخدوم خسرو بختیار، شفقت محمود، حماد اظہر، سینیٹر شبلی فراز، اعجاز شاہ، اسد عمر کے علاوہ معاونینِ خصوصی، ثانیہ نشتر، ڈاکٹر فیصل سلطان، مشیرِ وزیراعظم عبدالرزاق داؤد اور وزیرِ مملکت علی محمد خان نے شرکت کی۔

اجلاس کو نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی طرف سے کئے گئے فیصلوں کے حوالے سے بتایا گیا۔ وزیراعظم کو ملک میں کورونا کے پھیلاؤ، وبا سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور ہسپتالوں کی استعداد کار سمیت مختلف پہلوؤں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان نے کورونا کے پہلے مرحلے میں قابلِ تقلید حکمت عملی اور بروقت فیصلوں سے وبا پر قابو پایا جس کی دنیا معترف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب ہمیں دوسرے مرحلے میں بھی سنجیدگی، توازن اور احتیاط کا دامن ہرگز نہیں چھوڑنا چاہیے۔ وزیراعظم نے وبا کی پھیلاؤ کو روکنے اور عام لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم عمران خان نے اس ضمن میں مختلف امور پر فیصلہ سازی اور مشاورت کیلئے قومی رابطہ کمیٹی برائے کووڈ 19 کا اجلاس طلب کرنے کی بھی ہدایت کی۔
 

Advertisement