لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کابینہ نے میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو پانچ روز کیلئے پیرول پر رہا کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
یہ اہم فیصلہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے کی جانب سے دی گئی درخواست پر غور کیا گیا اور انسانی بنیادوں پر ان کی رہائی کی منظوری دی۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی دو ہفتوں کی رہائی کیلئے درخواست دی تھی۔ لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بیگم شمیم اختر کے جنازے پر لاکھوں لوگ تعزیت کیلئے آئیں گے، اس موقع پر شہباز شریف اور ان کے بیٹے کی موجودگی ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کیلئے درخواست جمع
خیال رہے کہ گزشتہ روز شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کیلئے درخواست جمع کروا دی گئی تھی۔ ن لیگ کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے درخواست ڈپٹی کمشنر کو جمع کرائی۔
درخواست میں 2 ہفتے کی پیرول کی استدعا کی گئی، جس میں موقف اپنایا گیا کہ شہباز شریف قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی اور حمزہ شہباز قائد حزب اختلاف پنجاب ہیں، ان سے پورے ملک سے لوگوں نے تعزیت کرنے آنا ہے، اس کو مدنظر رکھتے ہوئے 2 ہفتے کی پیرول کی درخواست کی گئی ہے، ماں کے دنیا سے رخصت ہو جانے سے بڑا اور صدمہ کوئی نہیں، اپنے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کے ساتھ اس غم میں شریک ہونے کے لیے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔