میاں نواز شریف کی والدہ کا جسد خاکی ہفتے کی صبح لاہور پہنچے گا

Published On 24 November,2020 06:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ نواز شریف کی والدہ کا جسد خاکی جمعرات کو لندن سے پاکستان روانہ کیا جائے گا، جو ہفتے کی صبح لاہور پہنچے گا۔

مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ مرحومہ بیگم شمیم اختر کی تجہیز وتکفین کے لئے انتظامات شروع کر دئیے گئے ہیں۔ نماز جنازہ کے وقت اور مقام کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

ادھر خاندانی ذرائع کے مطابق قطر ائیر ویز کے لئے ڈاکیومینٹس مکمل کرکے جمع کروا دیئے گئے ہیں۔ اس سے پہلے بیگم شمیم اختر کی میت ہفتہ کے روز برٹش ایئر ویز کے ذریعے لاہور پہنچائے جانے کی اطلاعات تھیں۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی منظوری دے دی گئی ہے۔ پیرول پر رہائی کی منظوری 5 روز کے لیے دی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے تھرو سرکولیشن کابینہ سے منظوری لی۔ تھروسر کولیشن منظوری کی سمری وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ارسال کر دی گئی ہے۔ شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز ایئرپورٹ پر میت وصول کریں گے جبکہ دوسرے لیگی قائدین بھی ہمراہ ہوں گے۔
 

Advertisement