اسلام آباد ہائی کورٹ: نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی دو دسمبر تک موخر

Published On 24 November,2020 07:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی دو دسمبر تک موخر کردی۔ عدالت نے کہا ہے کہ نواز شریف کے اشتہار برطانیہ بھیجنے اور جاتی عمرہ میں چسپاں کرنے والے افسران کے بیانات قلمبند کیے جائینگے۔

تفصیل کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی۔ نواز شریف آخری موقع ملنے کے باوجود عدالت پیش نہ ہوئے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے گواہوں کے بیانات اور دستاویزات کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی 2 دسمبر تک موخر کردی۔

سماعت کے موقع پر دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر یورپ مبشر خان نے نواز شریف کی بذریعہ اشتہار طلبی اور تعمیل سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کروائی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ نواز شریف عدالت میں زیر سماعت کیس سے مکمل آگاہ ہیں۔ اشتہارات سے متعلق پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں خبر چلائی گئیں لیکن سابق وزیراعظم جان بوجھ کر عدالت پیش نہیں ہوئے۔

عدالت نے کہا کہ نواز شریف کے اشتہار برطانیہ بھیجنے اور جاتی عمرہ چسپاں کرنے والے افسران کے بیانات قلمبند کیے جائینگے۔ تسلی کرنی ہے کہ نواز شریف کو طلبی کے اشتہار سے آگاہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ اخبارات میں اشتہارات سے متعلق عدالتی حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے دو رپورٹس عدالت میں جمع کرا دی گئیں ہیں۔ نیب حکام نے استدعا کی کہ ایف آئی اے اور وزارت خارجہ حکام کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں۔ عدالت نے گواہان کے بیانات ریکارڈ کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کر دی۔