اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریچھوں اور کاون کی منتقلی سے متعلق رپورٹ آئندہ سماعت پر طلب کر لی۔
اسلام آباد کے چڑیا گھر میں جانوروں کی ہلاکت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل سید طیب شاہ کی جانب سے عمل درآمد رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی جس میں کہا گیا این او سی جاری ہونے کے بعد ریچھوں کی بیرون ملک منتقلی کی منظوری دے دی گئی۔
وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ ایک ریچھ کو اردن دوسرے کو بلغاریہ منتقل کیا جائے گا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست گزار وکیل سے استفسار کیا کاون ہاتھی کا کیا بنا ؟ جس پر وکیل درخواست گزار نے کہا چڑیا گھر میں کاون ہاتھی کی دیکھ بھال پر مامور ڈاکٹر عامر کی ٹیم اتوار کو آئے گی، کاون ہاتھی کا پنجرا تیار، چڑیا گھر منتقل کیا جائے گا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 27 نومبر تک ملتوی کر دی۔