گھروں کیلئے قرض لینے والوں پر کوئی اضافی مالی بوجھ نہ ڈالا جائے: وزیراعظم

Published On 26 November,2020 07:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ہدایات جاری کی ہیں کہ گھر کیلئے بینکوں سے آسان شرائط پر قرضے لینے والوں پر کوئی اضافی مالی بوجھ نہ ڈالا جائے۔ حکومت کا مقصد بے گھر لوگوں کیلئے اپنی چھت مہیا کرنا ہے۔

یہ بات وزیراعظم عمران خان نے اپنے زیر صدارت ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ کے اجلاس سے خطاب میں کہی۔ اجلاس میں ڈاکٹر عشرت حسین، گورنر سندھ عمران اسماعیل، ڈاکٹر شہباز گِل اور سید ذوالفقار بخاری شریک ہوئے۔

اجلاس میں متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ سرکاری عہدیدار، چاروں صوبوں سے چیف سیکریٹریز اور اعلیٰ حکام وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ وزیراعظم کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں بجلی کی کوئی کمی نہیں، نئے کنکشنز دینے میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں ہے۔ بجلی کنکشنز کے این او سیز اور منظوری کے طریقہ کار کو سہل بنایا جائے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ گھروں کیلئے قرض کے خواہشمند شہریوں کو آسانیاں اور سہولتیں مہیا ہوں۔ اس کے علاوہ مختلف یوٹیلیٹی سروسز کیلئے منظوریوں کے طویل مراحل کو آسان بنایا جائے۔ مروجہ طریقہ کار سے تعمیراتی شعبے کیلئے مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ چیئرمین ایف بی آر اور دیگر متعلقہ ادارے اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاروں کیلئے سہولیات دیں۔ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لینے کی راہ میں حائل رکاوٹیں ترجیحی بنیادوں پر دور کی جائیں۔

 

Advertisement