شہبازشریف اور حمزہ کی پیرول پر رہائی، لندن میں بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ ادا

Published On 27 November,2020 04:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی حکومت نے میاں شہباز شریف کو اپنی والدہ کے جنازے اور ان کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے پانچ روز کیلئے پیرول پر رہا کر دیا گیا ہے۔ ان کے ہمراہ ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز شریف کو بھی رہائی ملی ہے۔

رہائی کے بعد ماڈل ٹاؤن پہنچ کر شہباز شریف نے نواز شریف اور مریم نواز کو فون کرکے والدہ کے انتقال پر اظہارتعزیت کیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں بھائیوں کے درمیان والدہ کی تدفین پر مشارت ہوئی۔

نواز شریف نے شہباز شریف کو والدہ کی تدفین کے انتظامات کے نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے بتایا کہ والدہ کی میت کے ساتھ دیگر رشتہ دار بھی آ رہے ہیں۔

بعد ازاں شہباز شریف اور حمزہ ماڈل ٹاؤن سے جاتی عمرہ پہنچے جہاں انہوں نے مریم نواز سمیت دیگر خاندان کے افراد سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے بیگم شمیم اختر کی نمازِ جنازہ اور تدفین کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کل صبح علامہ اقبال انٹرنیشنل پر اپنی والدہ کی میت وصول کرنے خود جائیں گے۔ شہباز شریف نماز جنازہ اور تدفین سمیت تمام معاملات کی خود نگرانی کرینگے۔

ادھر لندن میں بیگم شمیم اختر کی جنازہ لندن میں ادا کر دی گئی ہے۔ نماز جنازہ میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف، ان کے صاحبزادوں، اسحاق ڈار اور قریبی عزیز واقارب نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ان کی میت کو ہیتھرو ائیرپورٹ سے پاکستان کیلئے روانہ کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کا نوٹیفکیشن جاری

خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 5 روز کے لئے پیرول پر رہا کیا جا رہا ہے، جس کی مدت آج 27 نومبر سے یکم دسمبر تک ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو انسانی ہمدردی کے ناطے پیرول پر رہا کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے دونوں رہنماوں کو 14 روز کے لئے پیرول پر رہا کرنے کی درخواست کی گئی تھی تاہم پنجاب کابینہ اور وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے 5 روز کے لئے رہائی کی منظوری ملی ہے۔ پنجاب حکومت نے پاکستان پریزن رولز 1978ء کے سیکشن 545 بی کے تحت پےرول پر رہائی کی اجازت دی ہے۔
 

Advertisement