لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پرول پر رہائی کی مدت میں ایک روز توسیع کی منظوری دے دی۔ دونوں لیگی رہنماؤں کا پرول آج دوپہر ڈھائی بجے ختم ہو رہا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پرول میں توسیع پر مشاورت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس کے دوران پرول میں توسیع کی منظوری دی۔ وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ پرول میں توسیع انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی گئی ہے۔
معاون خصوصی وزیراعلیٰ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا حکومت پنجاب نے وزیراعلی عثمان بزدار صاحب کی ہدایت پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی درخواست پر اگلے 24 گھنٹے کیلئے پرول میں توسیع کر دی۔
یاد رہے پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری عطا تارڈ کی جانب سے گزشتہ روز شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کے لئے درخواست محکمہ داخلہ پنجاب کو جمع کرائی گئی تھی۔ جس میں موقف اپنایا گیا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے افسوس کیلئے بہت سارے لوگ آنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے شہباز شریف اور حمزہ کی پرول پر رہائی کی مدت کا آج آخری روز تھا۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے دونوں رہنماوں کو 14 روز کے لئے پرول پر رہا کرنے کی درخواست کی گئی تھی تاہم پنجاب کابینہ اور وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے 5 روز کے لئے رہائی کی منظوری ملی۔ پنجاب حکومت نے پاکستان پریزن رولز 1978 کے سیکشن 545 بی کے تحت پرول پر رہائی کی اجازت دی۔