اسلام آباد: (دنیا نیوز) سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے قومی ایئر لائنز نے 8 نئے جہاز خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ادارے میں سزا وجزا کا عمل بھی جاری ہے۔ نومبر میں 43 ملازمین کے خلاف ایکشن لیا گیا۔
تفصیل کے مطابق قومی ایئر لائنز نے جہاز 6 سالہ ڈرائی لیز پر لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے پی آئی اے نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پیشکش طلب کر لی ہیں۔
جہاز جنوری سے دسمبر 2021ء تک پی آئی اے کے حوالے ہونگے۔ تمام آٹھ جہاز 170 سیٹوں پر مشتمل ہونگے۔ دوسری طرف پی آئی اے میں ماہ نومبر میں 43 ملازمین کے خلاف ایکشن لیا گیا۔
شعبہ ہیومن ریسورس نے ملازمین کیخلاف کارروائی کی فہرست جاری کر دی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے نے 27 ملازمین کو ملازمت سے فارغ کر دیا ہے۔
جعلی تعلیمی اسناد کے حامل 4 ملازمین، قوانین کی خلاف ورزی پر 4، بغیر اطلاع کے غیر حاضر 8 ملازمین جبکہ رشوت خوری پر 4 ملازمین کو فارغ کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ سرکاری معلومات افشا کرنے پر 2 ملازمین، کرپشن اور غبن پر 3 ملازمین، سمگلنگ میں ملوث ایک ملازم جبکہ ریکارڈ کو نقصان پہنچانے پر 2 ملازمین کو نوکری سے برخاست کیا گیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق احکامات کے مطابق کام نہ کرنے پر تین ملازمین کی تنزلی بھی کی گئی۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے 3 ملازمین کی تنخواہ میں کمی کر دی ہے۔
آٹھ ملازمین کو تادیبی خطوط جاری، 9 ملازمین کو تعریفی اسناد اور 3 کو کیش ایوارڈز بھی دیئے گئے۔ ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کا کہنا ہے کہ بغیر کسی دباؤ کے سزا جزا کا عمل جاری رہے گا۔