کراچی: (دنیا نیوز) حکومت نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان تیار کر لیا ہے۔ آئندہ تین سال میں 739 ارب روپے کے منصوبے شروع ہونگے۔
دستاویز کے مطابق منصوبوں کی فنڈنگ پی ایس ڈی پی، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور سپریم کورٹ فنڈ سے پوری کی جائے گی۔ پلان کے لیے عالمی مالیاتی اداروں سے بھی فنڈنگ لینے کی تجویز ہے۔ وزارت قانون سپریم کورٹ فنڈ استعمال کرنے کے لیے عدالت عظمی سے درخواست کرے گی۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ فنڈ سے پیسے نہ ملنے پر تکنیکی گرانٹ کے ذریعے فنڈز کا انتظام کیا جائے گا۔ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے لیے این ڈی ایم اے 7 ارب روپے فراہم کرے گا۔
پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون کی صدارت میں سٹیرنگ کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے۔ ممبر پلاننگ کے زیر صدارت مانیٹرنگ اینڈ ایویلی ایشن کمیٹٰی بھی تشکیل دینے کی تجویز ہے۔
گریٹر کراچی واٹر سپلائی پراجیکٹ اور بے گھر افراد کی آباد کاری پلان کا حصہ۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی بے گھر افراد کے لیے فلیٹس تعمیر کرے گی۔
ٹرانسفارمینشن پلان کے تحت گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم مکمل کیا جائے گا۔ گریٹر کراچی واٹر سپلائی پراجیکٹ کے لیے وفاق مالی وسائل فراہم کرے گا۔
کراچی سرکلر ریلوے اور ڈبل ریلوے لائن فریٹ کوریڈور منصوبہ وزارت ریلوے مکمل کرے گی جبکہ ندی نالوں کے کنارے تجاوزات کا خاتمہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہوگی۔