لاہور: (روزنامہ دنیا) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی نے تقریباً 10 ارب روپے کی لاگت سے ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس منصوبے کے پہلے مرحلے میں چار ہزار رہائشی یونٹ تعمیر کرنے کی منظوری دے دی۔
تمام ایسے شہری جنہیں نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی اور بینک مارگیج فنانسنگ کی سہولت فراہم کریں گے اپارٹمنٹس خریدنے کے اہل ہوں گے۔ یہ اپارٹمنٹ موضع ہلوکی میں 563 کنال اراضی پر ایک سال میں تعمیر کئے جائیں گے۔ چار منزلہ اپارٹمنٹس کے 125 بلاک تعمیر کئے جائیں گے اور ہر بلاک 32 رہائشی یونٹوں پر مشتمل ہوگا۔ یہاں متعدد مساجد بھی تعمیر کی جائیں گی۔
ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کا ساتواں اجلاس وائس چیئرمین ایس ایم عمران کی زیر صدارت ہوا۔ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے شرکا کو ایجنڈا کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں 35 ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کے لئے مختص کی جانے والی ساڑھے آٹھ ہزار کنال اراضی پر سڑکیں، واٹر سپلائی و سیوریج سسٹم ، فٹ پاتھ ، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور دیگر انفراسٹرکچر تعمیر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا اور اس مقصد کے لئے تقریباً 20 ارب روپے کے پی سی ون کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس پراجیکٹ کے لئے مقرر کئے جانے والے فنانشل کنسلٹنٹ اسلم ملک اینڈ کمپنی کی طرف سے ان اپارٹمنٹس کی تعمیر کو قابل عمل منصوبہ بنانے کے لئے پیش کئے جانے والے فنانشل ماڈل کی بھی منظوری دی گئی اور اپارٹمنٹس خریدنے کے خواہشمند افراد کے لئے نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی قومی بینکوں کی طرف سے مارگیج فنانسنگ کی سہولت کی فراہمی کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ اپارٹمنٹس خریدنے کے خواہشمند افراد کو صرف 10 فیصد ڈاؤن پیمنٹ کرنا ہوگی جبکہ 80 فیصد لاگت بینکوں کی طرف سے ایسکرو (ESCRO) کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی۔
گورننگ باڈی کے اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی لاہور سے سعدیہ سہیل رانا، قصور سے ملک مختار احمد، شیخوپورہ سے عمرآفتاب ڈھلوں، ننکانہ صاحب سے محمد عاطف کے علاوہ وائس چیئرمین واسا امتیاز محمود، میجر ریٹائرڈ سید برہان علی، انجینئر عامر ریاض قریشی، ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز اور ہاؤسنگ، بلدیات ، فنانس، پی اینڈ ڈی اور کمشنر لاہور کے نمائندوں نے شرکت کی۔