لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے نیب کے 3 گواہوں کو جرح کے لیے آئندہ سماعت پر دوبارہ طلب کرلیا۔
احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے منی لانڈرنگ ریفنرنسکی سماعت کی۔ جیل حکام نے شریف کمپنیز کے چیف فنانشل آفیسر محمد عثمان سمیت دیگر ملزمان کو پیش کیا۔ عدالت میں وکلاء نے شہبازشریف اور حمزہ کی حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی اور موقف اپنایا کہ دونوں رہنماؤں کے پیرول میں ایک روز کی توسیع کی گئی، شہباز شریف اور حمزہ سے تعزیت کے لیے لوگ گھر آ رہے ہیں لہذا ان کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔
عدالت نے باپ بیٹے کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔ منی لانڈرنگ ریفرنس میں نیب کے 3 گواہ طیب زوار، خالد محمود اور فیصل بلال پیش ہوئے۔ ملزمان کی عدم پیشی کے باعث گواہوں کے بیانات پر جرح نہ ہوسکی۔