اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ 2 سال کے دوران سیاسی اثر رسوخ سے بالا تر ہو کر بلا امتیاز احتساب پر عمل کیا، 363 ارب روپے وصول کر کے خزانے میں جمع کرائے۔
چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اس موقع پر جاوید اقبال کا کہنا تھا زیر التوا مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے بھرپور کوششیں کیں، نیب نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے آگاہی، تدارک اور انفورسمنٹ کی پالیسی اپنائی، نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے موثر اور فعال اقدامات کر رہا ہے، نیب انسداد بدعنوانی، سرکاری فنڈز میں خرد برد کے کیسز پر توجہ دے رہا ہے، اختیارات سے تجاوز، منی لانڈرنگ اور دھوکہ دہی کے مقدمات پر توجہ مرکوز ہے۔
جاوید اقبال کا کہنا تھا 2 سال کے دوران 75 ہزار 268 کرپشن شکایات موصول ہوئیں، 66 ہزار 838 کرپشن شکایات کو نمٹایا گیا، 2 سال کے دوران 1240 انکوائریز، 432 انوسیٹی گیشنز کی منظوری دی گئی، دو سال میں نیب نے 332 بدعنوانی کے ریفرنسز دائر کیے جبکہ 270 کا فیصلہ ہوا۔