اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد کی عدالت میں پیش ہونے والے وکیل نے انکشاف کیا کہ وہ کورونا سے متاثرہ ہیں، جس کے بعد بھری عدالت میں کھلبلی مچ گئی، چیف جسٹس نے وکیل کو فوری طور پر کمرہ عدالت چھوڑنے کا حکم دیا۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی عدالت میں بیرسٹر ڈاکٹرعدنان خان نامی وکیل نے بھری عدالت میں انکشاف کیا کہ وہ کورونا سے متاثر ہونے کے باوجود عدالت میں پیش ہوئے ہیں، اس انکشاف کے ساتھ ہی کورٹ روم نمبر ون میں کھلبلی مچ گئی، چیف جسٹس گلزار احمد نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں کیوں آئے؟ آپ دوسروں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔
وکیل نے بتایا کہ تین یوم قبل کورونا وائرس کے سبب کیس ملتوی کرنے کی درخواست ایک عدالت میں بھجوائی لیکن میرا کیس خارج کر دیا گیا، آج ہائیر ایجوکیشن کے لیکچررز کا اہم کیس لگا ہوا تھا اس لیے آگیا۔
چیف جسٹس نے دلائل تحریری طور پر جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے فوری طور پر کمرہ عدالت سے چلے جانے کے احکامات دیے۔