اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے امریکی صحافی ڈینیئل پرل قتل کیس کے ملزمان کی رہائی کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔
پاکستان میں قتل ہونے والے امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے والدین اور سندھ حکومت کی اپیل پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ مقتول کے والدین کے وکیل کی جانب سے تحریری درخواست جمع کرائی گئی کہ وہ بعض ناگزیر وجوہات کی بناء پر عدالت پیش نہیں ہوسکتے لہٰذا سماعت ملتوی کر دی جائے، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔
دوران سماعت ملزمان کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ڈینیئل پرل قتل کیس کے ملزمان 19 سال سے جیل میں ہیں، سندھ ہائی کورٹ نے 2 اپریل کو ڈینئل پرل قتل کیس کا فیصلہ سنایا، ملزمان سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے باوجود غیر قانونی حراست میں ہیں۔
سندھ حکومت کے وکیل نے ڈینیئل پرل قتل کیس کے ملزمان کی رہائی کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ اگر فیصلہ معطل نہ ہوا تو سندھ حکومت کو مشکل ہوگی۔ جس پر جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیئے کہ اتنے عرسے سے اپیل زیر التواء ہیں، پہلے کچھ نہیں ہوا تو اب بھی کچھ نہیں ہوگا۔
عدالت نے ملزمان کی رہائی کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت دسمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔