بلین ٹری سونامی منصوبے میں بے قاعدگیوں کا انکشاف، آڈیٹر جنرل کی رپورٹ جاری

Published On 07 December,2020 10:13 am

پشاور: (دنیا نیوز) بلین ٹری سونامی منصوبے میں کروڑوں روپے کی بے قاعدگیوں کا انکشاف ہواہے۔ آڈیٹر جنرل نے بلین ٹری منصوبے کی رپورٹ جاری کر دی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 14 ارب روپے کا منصوبہ 19 ارب روپے میں مکمل کیا گیا، 1468 کلوزر میں سے 516 کو بند کرنے سے خزانے کو 10 کروڑ 84 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، پرائیویٹ نرسری سے 9 روپے کا پودا 16.63 روپے میں خریدا گیا۔

آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مہنگے پودے خریدنے سے قومی خزانے کو 29 کروڑ 92 لاکھ روپے کا ٹیکہ لگا، پی سی ون میں تبدیلی کر کے 4 سالہ منصوبہ 6 سال میں مکمل کیا گیا، پودوں کی تعداد پوری کرنے کے لئے مقررہ 10 فیصد کی بجائے 44 فیصد سفیدے کے پودے لگائے گئے، منصوبہ کے فیز 2 کے لئے کسی قسم کی کوئی فزیبلٹی رپورٹ تیار نہیں کی گئی، منصوبہ کے لئے تقسیم کئے گئے بیچوں کی کسی قسم کی سرٹیفی کیشن نہیں کی گئی۔
 

Advertisement