اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز گل نے کہا ہے کہ اصلاحات کی بدولت آج کورونا کے باوجود معاشی اعشاریے مثبت ہیں، ہم پاکستان بنانے جبکہ متحدہ کرپٹ الائنس کمانے کی نیت سے آئے تھے۔
معاون خصوصی وزیراعظم شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سٹیزن پورٹل کے 2 سال مکمل ہوگئے، ایپلی کیشن پر اب تک 27 لاکھ شکایات موصول ہوچکیں، پورٹل پر 94 فیصد شکایات اب تک حل کی جاچکیں، یہ ہے خدمت کی سیاست جس پر وزیراعظم اور ان کی ٹیم یقین رکھتی ہے۔
شہباز گل کا کہنا تھا وزیراعظم کی کوششوں سے ہر شعبے میں نمایاں بہتری آنے لگی، ڈی آئی آر بی ایس سسٹم سے موبائل فون سمگلنگ کا خاتمہ ہوگیا، سسٹم سے ملکی خزانے کو 32 ارب کا فائدہ ہوا، موبائل فون سمگلنگ کے خاتمے سے ریونیو 54 ارب تک پہنچ گیا، سٹاک مارکیٹ 1213 پوائنٹس اضافے سے 42281 پوائنٹس پر چلی گئی۔