پشاور: (دنیا نیوز) کورونا نے خیبرپختونخوا میں ایک اور مسیحا کی جان لے لی، مہلک وائرس سے لیڈی ڈاکٹر کا انتقال ہو گیا، ڈاکٹر عالیہ سرفراز کورونا سے متاثر ہونے کے بعد اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔
خیبر پختونخوا میں لیڈی ڈاکٹر عالیہ سرفرار کورونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئیں۔ پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق ڈاکٹر عالیہ سرفراز اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھیں جہاں وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔ لیڈی ڈاکٹر عالیہ ڈی ایچ کیو ہری پور میں گائنی ڈیپارٹمنٹ کی سابقہ سربراہ تھیں۔
پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے شہید ڈاکٹروں کی تعداد 27 ہوگئی ہے، حکومت نے تا حال کسی شہید ڈاکٹر یا شہید ہیلتھ ملازمین کو شہداء پیکیج نہیں دیا۔ ایسوسی ایشن کے مطابق ڈاکٹرز اور ہیلتھ ملازمین تا حال کورونا رسک الاؤنس سے محروم ہیں۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 89 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 8 ہزار 487 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 23 ہزار 179 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 885 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 24 ہزار 191، سندھ میں ایک لاکھ 86 ہزار 212، خیبر پختونخوا میں 50 ہزار 78، بلوچستان میں 17 ہزار 501، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 746، اسلام آباد میں 33 ہزار 61 جبکہ آزاد کشمیر میں 7 ہزار 390 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 58 لاکھ 27 ہزار 852 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 33 ہزار 610 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 70 ہزار 474 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 486 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 89 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 8 ہزار 487 ہوگئی۔ پنجاب میں 3 ہزار 218، سندھ میں 3 ہزار 60، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 419، اسلام آباد میں 341، بلوچستان میں 169، گلگت بلتستان میں 98 اور آزاد کشمیر میں 182 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔