لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں ایم این اے ملک افضل کھوکھر، ایم پی اے سیف الملکوک کھوکھر اور رانا منور غوث نے اپنے استعفے پارٹی قیادت کو جمع کرا دیئے۔
اپوزیشن کی جانب سے حکومت مخالف تحریک جہاں زور پکڑ رہی ہے وہاں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنمائوں کی جانب سے اسمبلی سے استعفی دینےکا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔ سرگودھا سے ایم پی اے رانا منور غوث پارٹی قیادت کو پہلے ہی اپنا استعفی جمع کرواچکے ہیں جبکہ اب ن لیگ کے ایم این اے ملک افضل کھوکھر، ایم پی اے سیف الملکوک کھوکھر نے بھی اپنے استعفے جمع کروانا شروع کر دئیے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ملک سیف الملوک کھوکھر نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو استعفی بھجوا دیا ہے۔ استعفی میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات اور قوم کی بہتری کےلئے سلیکٹڈ حکومت سے نجات ضروری ہے، حکومت ملک و قوم پر بوجھ بن چکی ہے اس کو گھر چلے جانا چاہیے، صوبائی اسمبلی سیٹ حلقہ پی پی 165سے مستعفی ہوتا ہوں۔
سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ مجھے قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور پارٹی کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہوں اورپارٹی قیادت کے فیصلوں کامکمل پابند ہوں جبکہ سیکرٹری اطلاعات پنجاب مسلم لیگ ن عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ملک افضل کھوکھر، سیف الملوک کھوکھر ، رانا منور غوث نے اپنے استعفے جمع کروائے ہیں، ابھی پارٹی نے استعفے نہیں مانگے لیکن پہلے ہی سینئر رہنمائوں نے استعفیٰ جمع کروانے شروع کر دئیے، مسلم لیگ ن کے تمام رہنما استعفے دینے کو تیار ہیں۔