لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کو پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دے دیا۔ عدالت نے ملزمان کے وکلا کو نیب کے گواہوں پر جرح کے لیے دوبارہ طلب کر لیا۔
احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت کی۔ جیل حکام نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر کو پیش کیا۔ دوران سماعت عدالت نے ملزمان کے وکیل کے پیش نہ ہونے پر ریمارکس دیئے کہ ایسے تو یہ کیس کبھی نہیں چلے گا، جرح کے لیے آخری موقع دے رہا ہوں۔
جج جواد الحسن نے ریمارکس دیئے کہ شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کو پیش ہونے کے لیے دیا گیا وقت ختم ہوگیا ہے لہذا عدالت نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دیتی ہے۔ دوران سماعت شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ عدالتی حکم کے باجود طبی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں، جس پر عدالت نے جیل سپرنٹینڈنٹ کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کر دی۔