لاہور: (دنیا نیوز) جیلانی پارک میں پھولوں کی 7 روزہ نمائش کا آغاز کل ہو گا، نمائش میں ایک سو سے زائد اقسام کے پھول سجائے جائیں گے، تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔
باغوں کے شہر میں گلوں کی خوشبو بکھرنے کو تیار، لاہور کے جیلانی پارک میں گل داؤدی کی نمائش سجانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ نیلے، لال، سبز نارنجی اور دیگر رنگارنگ پھول اپنی رعنائیاں بکھیریں گے۔
7 دسمبر کو شروع ہونے والی سالانہ نمائش 13 دسمبر تک جاری رہے گی،رواں سال نمائش میں مٹی کے ڈھیروں سے خصوصی بیس تیار کی گئی ہے۔ اس اچھوتے انداز سے پھولوں اور پودوں کی دلکشی میں مزید اضافہ ہوگیا۔ اسی طرح رواں سال گل داؤدی کی نمائش کے دوران بینچ بھی نہیں لگیں گے۔
پارکس اینڈ ہارٹی کلچر کی ترجمان نادیہ طفیل نے بتایا کہ اس سال پہلی بار لال اور سبز رنگ کے گل داؤدی نمائش کا حصہ بنیں گے۔ پی ایچ اے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر مصباح ڈار نے بتایا کہ ایک سو سے زائد اقسام کے پھولوں نمائش کی زینت بنیں گے۔
پھولوں کی نمائش دیکھنے کے شوقین افراد ابھی سے بےقرار ہیں، کہتے ہیں رنگ برنگے پھول دیکھنے ضرور جیلانی پارک آئیں گے۔
پی ایچ اے انتظامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب پیر کے روز نمائش کا افتتاح کریں گے، نمائش کے دوران کورونا ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔