آئین کی بالادستی کیلئے مشرف سمیت تمام سیاستدانوں کا احتساب ہونا چاہیے، اختر مینگل

Published On 13 December,2020 07:49 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے مطالبہ کیا ہے کہ آئین کی بالادستی کیلئے مشرف سمیت تمام سیاستدانوں کا احتساب ہونا چاہیے۔

پی ڈی ایم جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اٹھارویں ترمیم سے چھیڑ خانی نہیں کرنے دیں گے۔ ستر سالوں میں بلوچستان والوں نے ایک دن چین کا نہیں دیکھا۔ ہمارے گاؤں اجاڑ دیئے گئے۔ ہماری ماؤں کے سامنے بچوں کا قتل عام کیا گیا۔

اختر مینگل نے کہا کہ حکمران ہمارے جلسوں کو جلسیوں کا نام دیتے ہیں، یہ جلسے نہیں غیر جمہوری قوتوں کی نماز جنازہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گوادر میں باڑ لگا کر ایسٹ جرمنی کی طرح تقسیم کیا جا رہا ہے۔ ہم وہ ترقی نہیں چاہتے جس سے ہمارا وجود خطرے میں ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور دبئی میں جزیرے خریدنے والوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔ اگر صوبے خود مختار ہوتے تو بنگلا دیش نہ بنتا۔ آئین کی بالا دستی ہوتی تو آئین پامال نہ ہوتا۔ قانون کی حکمرانی ہوتی تو 31 سال جرنیل حکمرانی نہ کرتے۔
 

Advertisement