آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس، نیب نے مولانا فضل الرحمان کو نوٹس جاری کردیا

Published On 18 December,2020 04:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے مولانا فضل الرحمان سے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے انھیں 28 دسمبر تک اثاثوں کا مکمل ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔

چیئرمین نیب نے شواہد اور گواہوں کے بیانات کی روشنی میں انکوائریز اور انوسٹی گیشنز کرنے اور میگا کرپشن کیسز جلد منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کر دی ہے۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ہیڈ کوارٹرز اور تمام ریجنل بیوروز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین نیب کی جانب سے حکام کو شواہد اور گواہوں کے بیانات کی روشنی میں انکوائریز اور انوسٹی گیشنز کرنے کی ہدایت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین نیب جاوید اقبال کی میگا کرپشن کیسز جلد منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے فارنزک سائنس لیبارٹری میں کام کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور تمام وسائل بروئے کار لا کر میگا کرپشن کیسز منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایات کر دی ہے۔
 

Advertisement