سٹرٹیجک چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاک چین مشترکہ فوجیں مشقیں اہم ہیں: آرمی چیف

Published On 18 December,2020 08:22 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ جیو سٹرٹیجک چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور چین کی مشترکہ فوجیں مشقیں اہم ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فضائیہ کی آپریشنل بیس کا دورہ کیا۔ ایئر بیس پہنچنے پر سربراہ پاک فضائیہ مجاہد انور خان نے استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: مسلح افواج ہر طرح کے خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، آرمی چیف

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دونوں ممالک کے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور حربی صلاحیت کو سراہا۔

میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک چین ایئر فورس کی مشترکہ فوجیں مشقیں شاہین 9 کا مشاہدہ کیا، شاہین سیریز کی پاک چین مشترکہ مشقیں 2011ء میں شروع ہوئیں۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ مشقوں سے باہمی اشتراک، آپریشنل ہم آہنگی میں بہتری آئے گی۔ انٹر سروسز ہم آہنگی سے آپریشنل کامیابی کو تقویت ملتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف سے سعودی سفیر کی ملاقات، سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال

سپہ سالار کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کی جنگی مشقوں سے دونوں ممالک کی ائیر فورس کی استعداد کار ، تجربہ سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملتا ہے۔ مشتر کہ تربیتی مشقوں سے دونوں ممالک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت ملتی ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مشترکہ فضائی مشقوں سے دونوں ملکوں کی فضائیہ کی حربی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا، پاک فضائیہ کے شاہینوں کا بلند عزم دوسروں سے منفرد کرتا ہے۔ فضائی مشقوں سے دونوں ملکوں کی فضائیہ کے درمیان پیشہ ورانہ ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔ جیو سٹرٹیجک چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور چین کی مشترکہ فوجیں مشقیں اہم ہیں۔
 

Advertisement