راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے احساس کفالت پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو ریلیف کی فراہمی حکومت کا مشن ہے۔ احساس کفالت پروگرام کا دائرہ کار 70 لاکھ مستحق خاندانوں تک وسیع کر دیا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے احساس کفالت پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے آر ڈی اے کے زیر انتظام راجہ بازار میں قائم شیلٹر ہوم کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر شیلٹر ہوم میں قیام پذیر تمام افراد سے فرداً فرداً ملیں اور دستیاب سہولیات بارے پوچھا ۔وزیراعظم کی معاون خصوصی نے شیلٹر ہوم میں قیام پذیر افراد میں گرم چادریں بھی تقسیم کیں اور خصوصی طور پر اہتمام شدہ ڈنر بھی ان لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر دیہاڑی داروں اور کم آمدنی والوں کے لیے کھولی گئی یہ پناہ گاہ آر ڈی اے کے زیر انتظام چل رہی ہے۔ کافی لوگوں سے یہاں ملی، مزدوروں کو یہاں اچھا کھانا اور عزت ملتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ احساس کفالت پروگرام کے تحت حقداروں کو ان کا حق پہنچانے کے لیے ملک گیر سروے جاری ہے جوکہ 54 فیصد مکمل ہو چکا ہے،اس سروے کے تحت دیکھا جاتا ہے کہ کون حقیقی مستحق ہے اور مختلف انداز کی جانچ پڑتال کے بعد مستحق کا تعین ہوتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ احساس آمدن، احسان بلا سود پروگرام، احساس تعلیم و دیگر پروگرام بھی ہیں۔مکمل کوشش ہے کہ ان سب کو غیر سیاسی درجہ پر کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے کورونا آفت میں لوگوں کی معاونت کا ارادہ کیا اور حکومت نے خلوص نیت سے 1 کروڑ 50 لاکھ خاندانوں تک امداد پہنچائی۔