اسلام آباد: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گزشتہ کئی عشروں سے قریبی تعلقات قائم ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے متحدہ عرب امارات کے دو روزہ دورے کے اختتام پر جاری ایک بیان میں کیا۔ شیخ عبداللہ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات کو کثیر الجہتی تعاون میں تبدیل کر دیا گیا ہے جو کہ خطے میں عرب ایشیا تعلقات کی ایک منفرد مثال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان سیاسی تعلقات مشترکہ لائحہ عمل اعتماد اور احترام کی طویل تاریخ پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفادات اور علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے حامل مسائل پر رواداری اور جامعیت کے اصولوں کے تحت اتفاق رائے پایا جاتا ہے اور خطے میں امن اور استحکام کو یقینی بنائے کیلئے ان کا ایجنڈا مشترکہ ہے۔
وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات 15 لاکھ پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے۔ کورونا کی وجہ سے ویزوں کے اجرا میں پابندیاں عارضی ہیں۔
ادھر ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے دورہ یو اے ای کے دوران پاکستانیوں کیلئے ویزا پابندیوں کا معاملہ اٹھایا اور پاکستانی کمیونٹی کی بہبود پر بھی بات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یو اے ای کی جانب سے یقینی دہانی کرائی گئی ہے کہ ویزا پابندیاں عارضی ہیں۔ یہ پابندیاں کورونا پھیلاؤ کی وجہ سے عائد کی گئی ہیں۔