پشاور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے باعث پشاور انتظامیہ نے مزید 4 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کرلیا۔ سمارٹ لاک ڈوان کا نفاذ آج شام 6 بجے کیا جائیگا۔
ضلعی انتظامیہ نے چار علاقوں میں سمارٹ لاک ڈوان سے متعلق اعلامیہ جاری کر دیا، ان علاقوں میں محلہ کوٹلہ خان، حیات آباد فیز 5، گل آباد نمبر دو، سکندر ٹاون شامل ہیں۔ اعلامیے کے مطابق متعلقہ علاقوں میں آمد ورفت پر مکمل پابندی ہوگی، سمارٹ لاک ڈاؤن کا مقصد کورونا پر قابو کرنا ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 84 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 9 ہزار 557 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 62 ہزار 814 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 142 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 33 ہزار 179، سندھ میں 2 لاکھ 6 ہزار 489، خیبر پختونخوا میں 55 ہزار 811، بلوچستان میں 17 ہزار 980، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 832، اسلام آباد میں 36 ہزار 483 جبکہ آزاد کشمیر میں 8 ہزار 40 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 64 لاکھ 6 ہزار 281 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 35 ہزار 621 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 4 لاکھ 15 ہزار 352 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 419 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 84 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 9 ہزار 557 ہوگئی۔ پنجاب میں 3 ہزار 732، سندھ میں 3 ہزار 379، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 563، اسلام آباد میں 394، بلوچستان میں 179، گلگت بلتستان میں 99 اور آزاد کشمیر میں 211 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔